حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے معروف عالم دین علامہ سید کلب جواد نقوی نے عشرۂ محرم الحرام کی چھٹی مجلس سے امام باڑہ غفران مآب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ابتدائےخلقت سے امتحان و آزمائش کا سلسلہ رکھا ہے، کیونکہ بغیر امتحان و آزمائش کے انسان کے تخلیقی جوہر سامنے نہیں آتے، اس لئے انبیائے کرام علیہم السّلام کا بھی امتحان ہوا اور آئمہ معصومین علیہم السّلام کے لئے بھی امتحان رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قابیل کے ذریعے حضرت ہابیل کا قتل حضرت آدمؑ کے لئے امتحان تھا۔ حضرت آدم ہمیشہ اپنے بیٹے کی شہادت پر گریہ کرتے رہے، اسی طرح آخری نبیؑ حضرت محمد بن عبداللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے لئے بھی امتحان رکھا گیا۔ کربلا میں امام حسینؑ کی شہادت بھی ایک امتحان ہے اور اللہ کی طرف سے آزمائش کا ایک سلسلہ ہے۔
مولانا نے کہا کہ ولایت علی ؑ کے بغیر کوئی بھی عمل قابلِ قبول نہیں ہے۔ آذان میں ولایت علیؑ کا اعلان اس لئے رکھا گیا ہے، تاکہ اعلان غدیر کی روزمرہ تجدید ہوتی رہے اور مؤمنین کے قلوب منور ہوتے رہیں۔